نئی دہلی،19؍جنوری(آئی این ایس انڈیا) سی بی آئی نے شمال مشرقی سرحدی ریلوے کے چیف انتظامی افسر مہیندر سنگھ چوہان کی گرفتاری کے معاملے میں دہلی کے ایک ہوٹل سے دو کروڑ روپے اور نقدی برآمد کرلی ہے۔ اس معاملے میں اب تک تقریباََساڑھے چار کروڑ نقد ، سونے ، چاندی کے زیورات اور املاک کے دستاویزات برآمد ہوچکے ہیں۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں 5 افراد کو گرفتار کیا ہے ، جس میں دہرادون سے 2 افراد کو ریمانڈ پر دہلی لایا گیا ہے جبکہ 3 افراد کو دہلی لایا جارہا ہے۔
سی بی آئی کے ترجمان آر سی جوشی کے مطابق سی بی آئی نے دارالحکومت دہلی میں کیلاش کالونی میں واقع ایک احاطے میں چھاپہ مارا۔ یہ احاطہ اس معاملے میں ملزم کمپنی کا بتایا جاتا ہے۔ چھاپے کے دوران سی بی آئی کو ایسے سراغ ملے جن سے یہ معلوم ہو کہ سامان کومذکورہ دفتر کے احاطے سے چھین لیا گیا ہوگا۔ معلومات کی بنیاد پر ، سی بی آئی نے گریٹر کیلاش کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان کی دوکروڑسے زائد کی رقم ایک محفوظ جگہ سے برآمد ہوئی۔ سی بی آئی کے ترجمان جوشی کے مطابق اس معاملے میں اب تک چار کروڑ 43 لاکھ کی نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔